لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کر دیا گیا، نواز شریف کو سخت سکیورٹی حصار میں لاہور ائیرپورٹ سے لایا گیا، سابق وزیراعظم کو خصوصی پرواز سے لاہور پہنچایا گیا تھا۔
کوٹ لکھپت جیل کے اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے، جیل کے باہر کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی، خواتین کارکن بھی کوٹ لکھپت جیل پہنچیں اور قائد کے حق میں نعرے بازی کی۔ کوٹ لکھپت جیل بیرک نمبر 1 میں آصف علی زرداری نے قید کاٹی، نواز شریف کو بھی بیرک نمبر 1 میں رکھا جائے گا، ماضی میں عمران خان بھی ایک دن بیرک نمبر 1 میں گزار چکے ہیں۔ نواز شریف اور شہباز شریف کو الگ الگ بیرکوں میں رکھا جائے گا۔ محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے جیل حکام کو سکیورٹی سمیت دیگر احکامات جاری کئے گئے ہیں، قانون کے مطابق سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
نوازشریف کوالعزیزیہ ریفرنس میں7سال قید،فلیگ شپ ریفرنس میں بری
ادھر پنجاب حکومت نے نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل میں بیٹر کلاس سہولیات کی اجازت دیدی، نواز شریف کی درخواست پر پنجاب حکومت نے بیٹر کلاس سہولیات دینے کا فیصلہ کیا۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق نواز شریف کو بیٹر کلاس کے تحت جیل کی بیرک میں ذاتی بستر، من پسند لباس، ٹی وی اور اخبار کی سہولیات بھی میسر ہوں گی۔
سابق وزیر اعظم کو گھر سے کھانا منگوانے اور ذاتی برتن استعمال کرنے کی بھی اجازت ہوگی، کرسیوں کے ساتھ ایک میز، ٹیبل لیمپ سمیت دیگر ضروری اشیا بھی بیٹر کلاس سہولیات میں شامل ہیں۔