لاہور: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر کو وفاقی دارالحکومت سے ملانے والی مری کوہالہ روڈ پر ڈکیتی کے واقعات معمول بن چکے ہیں جبکہ مقامی پولیس اس گھمبیر صورتحال پر محض خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔
مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے دیگر اضلاع باغ ہٹیاں اور جہلم ویلی کے ہزاروں مسافر اور سیاحوں کی بڑی تعداد مری کوہالہ روڈ پر سفر کرتی ہے جہاں پولیس اہلکاروں کی ناک تلے سالوں سے مسافر گھات لگائے مسلح ڈاکووں کی لوٹ کھسوٹ اور مزاحمت پر گولیوں کا نشانہ بنتے چلے آرہے ہیں۔
آئے روز ڈکیتی کی وارداتوں کے باعث علاقے کے تاجروں کو بھی مالی اور جانی خطرات کا سامنا رہتا ہے۔ شہری مری کوہالہ روڈ کو محفوظ بنانے کے لئے پنجاب خیبر پختونخواہ اور آزادکشمیر کی حکومتوں سے ڈکیتوں کے خلاف آپریشن شروع کئے جانے کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں۔