مظفر آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ پوری قوم مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے، بھارت کے عزائم ناکام بنانے کیلئے جارحانہ پالیسی اپنانا ہوگی۔
قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فارق حیدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا آج پوری قوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کر رہی ہے، کشمیری خود کو اکیلا نہ سمجھیں، ہم سب مقبوضہ کشمیر کے عوام کی پشت پر کھڑے ہیں، پاکستان مشکلات کے باوجود کشمیریوں کی مدد کر رہا ہے، امریکا کبھی ہمارے حق میں بات نہیں کرے گا، امریکا کی جانب سے ثالثی سے بھارت کو فائدہ ہوگا، مسئلہ فلسطین پر امریکی ثالثی سے فلسطین کا بیڑہ غرق ہوگیا۔
راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا پاکستان میں قومی اتفاق رائے پیدا کریں اور قوم کو متحد کریں، ہم کشمیر میں پاکستان کا جھنڈا نہیں گرنے دیں گے۔