کشمیری بھائیوں سے یکجہتی: گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کی قیادت میں ریلی

Last Updated On 05 February,2020 11:10 am

کراچی: (دنیا نیوز) کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ کی قیادت میں کراچی میں ریلی نکالی گئی، ریلی میں موجود طلبا اور اساتذہ نے کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنا کر رہیں گے، مودی نے نہتے مسلمانوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا، قائداعظم کا دو قومی نظریہ بالکل درست تھا، پوری دنیا سے اپیل کرتے ہیں بھارتی مسلمانوں پر مظالم کا نوٹس لے، مودی کیخلاف عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ کیا جائے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا، وزیراعظم نے پوری دنیا میں کشمیر کاز کو اجاگر کیا، متنازعہ شہریت بل سے بھارت مزید ٹکڑوں میں تقسیم ہوگا، پاکستان دنیا بھر میں کشمیر کا مسئلہ موثر اندازمیں اٹھا رہا ہے، بھارت کو پیغام دینا چاہتے ہیں، کشمیر بنے گا پاکستان۔