راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ اس حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں کشمیری اکیلے نہیں، ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں، دنیا کو ضمیر جھنجھوڑنے میں اپنا کردار اداد کرتے رہیں گے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر اور جارحیت مسلط کئے ہوئے ہے، کشمیریوں کے حقوق غضب کر کے طاقت کا اندھا دھند استعمال کیا جا رہا ہے، وادی کو جیل میں تبدیل کر کے لاکھوں کشمیریوں کو قید کر دیا گیا ہے، کشمیری اقوام متحدہ سے اپنا حق خودارادیت مانگ رہے ہیں۔
پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ مرد، خواتین، بوڑھے، بچے اور بیمار حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، ہندوستانی جبر و استبداد کا ثابت قدمی سے مقابلہ کرنے والے کشمیریوں بہن بھائیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پائیدار امن ابھی تک ایک خواہش سے زیادہ کچھ نہیں، تاہم بھارتی افواج مسلسل ایل او سی پر اشتعال انگیزیاں کر رہی ہیں، جان بوجھ کر آزاد کشمیر کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، ہمارے جوانوں اور شہریوں کی لازوال قربانیاں جدوجہد آزادی کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج اپنے فرائض کی انجام دہی میں مستعد ہے، پاک فوج ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت اور استعداد رکھتے ہیں، امن کی خواہش اور بھارت کے ہاتھوں کشمیریوں کے نقصان کے پیش نظر صبر و تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں، کشمیریوں کیلئے ہماری غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے اپنے پیغام میں کہا سات دہائیوں سے یو این قراردادوں کے برعکس کشمیری بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں، مسلح افواج مشکل کی اس گھڑی میں کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہیں۔ ائر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا یقین دلاتے ہیں کہ ہم ہر مشکل میں ان کے ساتھ رہیں گے۔ چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ہم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔