لاہور: (دنیا نیوز) سیاسی رہنما شہباز شریف اور بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے، عوام ہر فورم پر بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں، آزادی کے لیے ظلم سہتے کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا پاکستان، کشمیر اور کشمیریوں کے بغیر نامکمل ہے، کشمیری پاکستانیوں سے بھی پہلے پاکستانی ہیں، ان کی جرات، بہادری اور قربانی تاریخ کا روشن باب ہے۔
اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کے قراردادوں کی روشنی میں استصواب رائے ہے، حقِ خودارادیت کی خاطر بدترین جبر کا سامنا کرنے والی کشمیری عوام کو سلام پیش کرتے ہیں۔
مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے یوم یکجہتی کشمیر پر پیغامات میں کہا عالمی برادری کشمیریوں سے اپنا وعدہ پورا کرے، کشمیریوں کی عظیم قربانیوں سے تحریک پاکستان کا ایجنڈا جلد مکمل ہوگا، عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ کشمیریوں سے کئے گئے حق خودارادیت دلانے کے وعدہ کو پورا کرے۔
حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے عالمی برادری سے کشمیریوں پر مظالم بند کرانے کی اپیل کی۔