کراچی: رات گئے حادثات میں ایک شخص جاں بحق، 2 افراد زخمی

Last Updated On 24 February,2020 09:39 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے مختلف حادثات و واقعات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔ لاش اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرلیا گیا۔ ادھر شاہ لطیف ٹائون میں موٹرسائیکل سوار 2 مسلح ملزمان نے رکشہ میں بیٹھی فیملی کو قیمتی اشیاء سے محروم کردیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی منظر عام پر آگئی۔

رات گئے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن فقیر کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ اس کی شناخت اقبال خان کے نام سے ہوئی جبکہ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لئے عباسی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر واقع ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ادھر شرافی گوٹھ میں موٹرسائیکل سلپ ہونے کے باعث ٹریفک حادثے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔ حادثے میں زخمیوں کی شناخت بابر اور قاضی شامل ہیں۔ دونوں زخمی جناح ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

دوسری جانب شاہ لطیف ٹائون میں موٹرسائیکل سوار 2 مسلح ملزمان نے رکشہ میں بیٹھے شہریوں کو لوٹ لیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ گئیں۔ علاقہ پولیس شکایت درج ہونے کے باوجود ملزمان کو گرفتار نہیں کر سکی۔