فیصل آباد: منچلوں نے پتنگ اڑانے کی پابندی کا بوکاٹا کر دیا، پولیس خاموش تماشائی

Published On 29 January,2021 10:09 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں منچلوں نے پتنگ اڑانے کی پابندی کا بوکاٹا کر دیا،پولیس خاموش تماشائی بن گئی، آسمان پر رات گئے تک رنگ برنگی پتنگیں اڑاتی رہیں۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے مختلف علاقوں کی فضا بو کاٹا سے کونجتی رہی، اس سال بھی منچلے نوجوانوں اور کائیٹ فلائننگ ایسوسی ایشن نے فروری میں بسنت منانے کا اعلان کیا جس کا عملی مظاہرہ شہریوںچھتوں پر پتنگ بازی سے کیا جا رہا ہے۔

پابندی کے باوجود بھی منچلے نوجوان چھتوں پر پتنگ اڑاتے دکھائی دیتے ہیں دوپہر سے لیکر رات گئے تک منچلے نوجوان رنگ برنگی پتنگیں اڑاتے اور بوکاٹا کرتے رہے جبکہ پولیس روایتی انداز میں خاموش تماشائی بنی رہی۔

پولیس کی جانب سے گزشتہ چند دن پہلے پتنگیں اور ڈوریں بنانے والوں کے خلاف کاروائیاں کرنے کے دعوے کیے گئے تھے جو کہ سب ہوا ہو گئے۔

منصور آباد،مدینہ ٹاون ،غلام محمد آباد،گٹ والا ،ڈی ٹائپ کالونی ،عبداللہ پور،ڈھڈی والا ،کلیم شہید پارک روڈ ،وارث پورہ ،بٹالہ کالونی سمیت کینال روڈ اور سمندری روڈ کے کئی علاقوں میں منچلے نوجوان پتنگیں اڑاتے رہے جبکہ آسمان مختلف علاقوں میں آسمان رنگ برنگی پتنگوں سے بھرارہا پولیس کی جانب سے چھتوں پر پتنگیں اڑاتے منچلے نوجوانوں کے خلاف کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
 

Advertisement