کراچی: (دنیا نیوز) برے کا انجام برا ہی ہوتا ہے، کراچی میں درخشاں تھانے کی حدود میں والدین کا 190 تولے سونا ہڑپ کرنے کیلئے میاں بیوی کا ڈکیتی کا مقدمہ ڈرامہ نکلا، پولیس نے ڈرامائی ڈکیتی میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا
ایس ایس پی انویسٹی گیشن ساوُتھ عمران مرزا کے مطابق ڈیفنس فیز 6 خیابان حافظ کے رہائشی اصغر نے بیس مارچ کو گھر کے باہر ڈکیتی کا مقدمہ درج کروایا تھا، مدعی نے مقدمہ میں موقف اپنایا کہ گھر میں شادی کی تیاری چل رہی تھی،بینک لاکر میں رکھے فیملی کے زیورات نکلوائے تھے،گھر کے باہر سے موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے زیورات اور نقدی لوٹ لیے۔
پولیس نے تحقیقات شروع کی تو پتہ چلا کہ کچھ عرصہ قبل والدین نے مدعی اصغر کو اپنے زیورات بینک لاکرز میں رکھنے کے لیے دیے تھے،اصغر نے بیوی سے مل کر بہن بھائیوں کا مشترکہ سونا 2سال میں مختلف اوقات میں آہستہ آہستہ کر بیچنا شروع کیا۔
تاہم ان دنوں گھر میں شادی چل رہی تھی اصغر کے بھائیوں نے لاکر سے زیورات نکلوا کر لینے کو کہا اس دوران ملزم اصغر نے اپنی بیوی کے کزن فائق علی سے ڈرامائی کردار میں ڈاکو بننے کا کہا۔
ایس ایس پی عمران مرزا کے مطابق واردات میں ملوث نجی یونیورسٹی میں کوآرڈینیٹر خالق علی اپنے ساتھی کے ہمراہ واردات کا ڈرامہ کرکے فرارہوگیا،ملزم اصغر کی جانب سے پولیس کو دی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میں ملزمان بغیر اسلحہ دکھائے شاپر چھین کرفرار ہوا،ملزمان کے فرار ہونے پر پولیس کو شک ہوا جس پر پولیس نے کئی بار پوچھ گچھ اور چھاپوں کے بعد واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا۔