کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے پی آئی بی صوفیہ کالونی میں پولیس مقابلے کے دوران دو مبینہ ڈاکو ہلاک جبکہ دو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے، پولیس کے مطابق ہلاک اور گرفتار ڈاکوؤں سے تین پستول برآمد ہوئے۔
ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق گزشتہ روز مبینہ پولیس مقابلے میں ملزم علی عرف گرنیڈ کو گرفتار کیا گیا تھا، ملزم کی نشاندہی پر اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے پولیس نے پی آئی بی صوفیہ کالونی میں چھاپہ مارا جہاں ملزمان اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔۔ مقابلے میں چار ملزمان زخمی ہوئے جن میں سے دو ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گئے۔ ہلاک اور زخمی ڈاکوؤں سے تین ٹی ٹی پستول برآمد ہوئے۔
ہلاک ملزمان کی شناخت عامر اور بلال کے ناموں سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں مسعود اور ایک نامعلوم شامل ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کا تعلق گینگ وار احمد علی مگسی گروپ سے تھا اور وہ بھتہ خوری، ڈکیتیوں اور منشیات فروشی میں ملوث تھے۔