خلاصہ
- کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں مبینہ پولیس مقابلہ میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ترجمان پولیس کے مطابق ملیر سٹی کی حدود میں بکرا پیڑی روڈ تھدو نالو کے قریب پولیس اور سٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، گشت پر مامور پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزموں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم مارا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت محمد جعفر عرف بوبی کے نام سے ہوئی، جائے وقوعہ سے ایک پستول، ایمونیشن، موبائل فون اور نقد رقم برآمد کر لی، ابتدائی معلومات کے مطابق ملزمان علاقے میں شہریوں سے لوٹ مار کی نیت سے گشت کر رہے تھے۔
پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ ہلاک ملزم کا کریمنل ریکارڈ مختلف تھانوں سے چیک کیا جا رہا ہے، فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ملزم کی لاش قانونی کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔
ملزم سے برآمد ہونے والا اسلحہ فرانزک تجزیے کے لئے روانہ کر دیا گیا ہے، پولیس کی جانب سے واقعہ سے متعلق ضابطے کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہےجبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔