فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں جنرل ہسپتال غلام محمد آباد سے دو نومولود جڑواں بچیاں اغواء ہو گئیں۔ واردات نامعلوم اغواء کار عورت نے کی۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج دنیا نیوز نے حاصل کرلی۔
فیصل آباد کے علاقے غلام محمدآباد میں واقع گورنمنٹ جنرل ہسپتال میں لیہ سے آئی کرن شہزادی نامی خاتون کے ہاں دو جڑواں بچیوں کی پیدائش ہوئی۔ رات گئے نامعلوم خاتون ہسپتال کے گائنی وارڈ میں داخل ہوئی اور بچیوں کے کپڑے تبدیل کرنے کے بہانے اغواء کر کے لے گئی۔
اغواء کار خاتون کی ہسپتال میں داخل ہونے اور بچیوں کو اغواء کرکے لیجانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی دنیا نیوز نے حاصل کرلی جس میں ملزمہ خاتون کو بچیاں اغواء کرکے لیجاتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح دیکھا جاسکتا ہے کہ گائنی وارڈ کے مین گیٹ پر سکیورٹی گارڈ اور عملہ موجود نہ ہونے کی وجہ سے ملزمہ بآسانی وارڈ میں داخل ہوئی اور بچیوں کو لیکر فرار ہوگئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچتے ہوئے بچیوں کی بازیابی کیلئے کارروائی شروع کردی۔