کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے پرانا گولیمار میں سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کے اہم ٹارگٹ کلر شہریار عرف شریل کو گرفتار کرلیا۔
انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر کے مطابق گرفتار ملزم بدنام زمانہ دہشتگرد رحمان ڈکیت کا داماد ہے، ملزم پولیس اہلکار سمیت قتل کی 21 وارداتوں میں ملوث ہے، ملزم نے پاک کالونی میں تعینات پولیس کانسٹیبل فاروق کو قتل کیا، 2014 میں عذیر بلوچ کے احکامات پر دو لڑکوں کو قتل کرکے لاشیں ندی میں پھینکیں۔
انچارج سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزم نے انکشاف کیا کہ 2014 میں ہی عذیر بلوچ کے کہنے پر 10 مہاجر لڑکوں کو قتل کیا، اسکے علاوہ ملزم نے ٹارگٹ کلنگ کی مختلف وارداتوں میں 21 افراد کو موت کے گھاٹ اتارا، ملزم کو مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔