موٹروے سروس ایریاز پر مہنگائی کا طوفان، مسافروں کو دونوں ہاتھ لوٹا جانے لگا

Published On 11 November,2021 11:22 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) موٹروے کے سروس ایریاز پر مہنگائی کا طوفان آ گیا، اشیائے ضروریہ مسافروں کو بلیک میں فروخت کی جانے لگیں، سروس ایریاز کے کینٹین مالکان کی جانب سے لوٹ مار پر ضلعی انتظامیہ نے خاموشی اختیار کر لی۔

موٹروے پر پنڈی بھٹیاں سے لیکر شورکوٹ تک ایم فور کے ایریا میں ساہیانوالہ سروس ایریا، ٹوبہ ٹیک سنگھ سے چند کلومیٹر پہلے ٹوبہ ٹیک ریسٹ ایریا اور شورکوٹ سے چند کلومیٹر پہلے وریام والا ریسٹ ایریاز بنائے گئے ہیں جن کے ٹھیکہ جات نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کی جانب سے دیئے گئے ہیں۔

ان مقامات پر فروخت ہونے والی اشیاء کی قیمتوں کا تعین اور ریٹ لسٹیں اور قیمتیں چیک کرنے کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ اور انتظامیہ کے مقرر کردہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی ہوتی ہے تاہم فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ انتظامیہ کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس موٹروے پر جانے کی کوفت سے بچنے کیلئے خانہ پری کردیتے ہیں لیکن اس کے برعکس حقیقت میں ان مقامات کی آج تک نہ کوئی چیکنگ کی جا سکی ہے اور نہ ہی مقرر کردہ قیمتوں پر عملدرآمد کروایا جاسکا ہے جس کے نتیجہ میں تینوں سروس اور ریسٹ ایریاز پر قائم ٹک شاپس اور دیگر دکانداروں کی جانب سے مسافروں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹتے ہوئے ہر چیز کے منہ مانگے دام وصول کئے جاتے ہیں۔

یہاں تک کہ کھانے پینے سمیت اشیاء ضروریہ کی قیمتیں دس فیصد زائد وصول کی جاتی ہیں، قیمتوں پر بحث و تکرار کرنے والے مسافروں سے بدتمیزی اور لڑائی جھگڑے معمول معمول بن چکے ہیں۔
 

Advertisement