ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز مافیا شہر کی بیشتر شاہراہوں پر قابض ہو گیا جس کے باعث سڑکوں پر گھنٹوں ٹریفک جام رہنا اب معمول بن چکا ہے۔
شہر میں کچہری روڈ، سورج کنڈ روڈ، چوک شہیداں اور پرانا شجاع آباد روڈ سمیت درجنوں شاہراہیں ایسی ہیں جن سے اب پیدل گزرنا بھی مشکل ہو چکا ہے، ان سڑکوں پر تجاوزات مافیا نے رسیاں لگا کر غیر قانونی سٹینڈ قائم کر لئے ہیں جن پر صبح سے شام پر شہریوں کو لوٹا جاتا ہے، سینکڑوں سٹینڈز کے باعث مصروف شاہراوں پر گھنٹوں ٹریفک جام اب معمول کی بات ہے۔
شہر میں دن دیہاڑے 300 سے زائد غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز کی موجودگی کے باوجود ضلعی انتظامیہ سب اچھا ہے کا راگ الاپتی ہے تاہم سی ٹی او کے مطابق تجاوزات کے باعث سڑکوں کی بندش کے مسئلے کے حل کیلئے ضلعی انتظامیہ کا تعاون درکار ہے۔
شہر کی سڑکوں پر سینکڑوں غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز کیساتھ رہی سہی کسر فروٹ اور سبزیوں کی ریڑھیوں نے پوری کر دی ہے جس کی وجہ سے کئی اہم شاہراہیں نو گو ایریاز میں تبدیل ہو چکی ہیں۔