گریٹر اقبال پارک واقعہ:عائشہ اکرم کا ساتھی ریمبو مرکزی ملزم قرار

Published On 17 December,2021 05:24 pm

لاہور:(دنیا نیوز)گریٹر اقبال پارک میں خاتون سے بدتمیزی کے مقدمے میں اہم پیش رفت ہوئی اور پولیس نے عائشہ اکرم کے ساتھی ریمبو کو مرکزی ملزم قرار دے دیا ہے۔

لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں خاتون ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کو ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم ریمبو نے ضمانت کے لئے سیشن کورٹ سے رجوع کررکھا ہے ۔

پولیس کی جانب سے ریمبو کی درخواست ضمانت پر رپورٹ جمع کرائی گئی جس میں ریمبو کو مرکزی ملزم قرار دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ریمبو نے خاتون سے بد تمیزی کرانے میں اہم کردار ادا کیا،لہٰذا عدالت ریمبو کی درخواست ضمانت مسترد کرے ۔

واضح رہے کہ گریٹر اقبال پارک میں خاتون سے بدتمیزی کامقدمہ تھانہ لاری اڈا مین درج ہے اورعدالت نے فریقین وکلا کو دلائل کے لیے کل 18 دسمبر کو طلب کر لیا ہے۔
 

Advertisement