لاڑکانہ: سر کی قیمت والے چھوٹو گینگ کے 3 ڈاکو ہلاک

Published On 16 January,2022 07:17 pm

لاڑکانہ:(دنیا نیوز) کشمور کے قریب کچے کے علاقے میں پولیس نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے سر کی قیمت والے چھوٹو گینگ کے 3 ڈاکو ہلاک کردیئے۔

لاڑکانہ کے علاقے کندھ کوٹ کے کچے میں پولیس نے آپریشن کرتے ہوئے 3 ڈاکوؤں کو ہلاک کردیا ہے جن کے سر کی قیمت مقرر کی گئی تھی۔

ڈی آئی جی مظہر نواز شیخ کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں میں نظر شر، جنید شر اور ابرار پنجابی شامل ہیں ، ڈاکو نظر کے سر کی قیمت 15 لاکھ اور جنید کے سر کی قیمت 10 لاکھ روپے مقرر تھی ۔

مظہر نواز شیخ نے مزید کہا کہ ہلاک ڈاکو ابرار پنجابی کا تعلق چھوٹو گینگ سے تھا ، ڈاکو قتل، اغوا برائے تاوان اور پولیس مقابلے کے کیسز میں مطلوب تھے ، تینوں ڈاکو چھوٹو گینگ کے ساتھ بھی کام کرتے تھے اور ان کی ہلاکت پولیس کی بڑی کامیابی ہے ۔