اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں پولیس مقابلے میں ملزمان کی فائرنگ سے سب انسپکٹر لیاقت علی شہید جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ جوابی کارروائی میں کار سوار ڈاکو گاڑی چھوڑ کر فرار جبکہ پولیس نے ایک ڈاکو گرفتار کرلیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق تھانہ بارہ کہو میں گاڑی پر سوار ملزمان نے ایک شہری پر فائرنگ کی اور فرار ہوئے۔ گشت پر موجود سب انسپکٹر لیاقت علی اور جوانوں نے ملزمان کا تعاقب کیا تو ملزمان نے پولیس ٹیم پر بھی فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اسلام آباد پولیس کے سب انسپکٹر لیاقت علی شہید ہوگئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے پر آئی جی اسلام آباد احسن یونس نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں اور علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔