کراچی:(دنیا نیوز) گرفتار پولیس اہلکار دلبر علی ڈیرو نے انکشاف کیا ہے کہ کھارادر دھماکہ ایس آر اے کے سربراہ عاقب چانڈیو کے احکامات پر کیا تھا، رش کی وجہ سے ٹارگٹ بازار تھا، رکشہ اور پولیس موبائل درمیان میں آگئی تھی، غیر تربیت یافتہ کارکن نے جلد بازی میں بٹن دبا دیا۔
کھارادر دھماکے میں گرفتار پولیس اہلکار دلبر علی ڈیرو کی تحقیقاتی رپورٹ دنیا نیوز نے حاصل کرلی، گرفتار ملزم کے دوران تفتیش اہم انکشافات سامنے آگئے، ملزم کے مزید دو ساتھی قیوم بھی گرفتار ہیں، تینوں ملزمان پولیس ریپیڈ ریسپانس فورس کے اہلکار ہیں۔
رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ ملزم کارروائیوں کیلئے پولیس کی وردی فراہم کرتا تھا اور واردات کرنے کے بعد آر آر ایف آفس میں روپوش ہوجاتے تھے۔
ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ ایران میں بیٹھے عاقب چانڈیو کے احکامات پر حساس مقامات کی ریکی بھی کی جن میں کلفٹن میں چائینیز ریسٹورنٹ اور ماڑی پور روڈ پر واقعے پاور پلانٹ کمپنی کے چائینیز ملازمین کی ریکی بھی شامل تھی۔