پشاور:(دنیا نیوز) مچنی گیٹ کے بعد داؤدزئی پولیس کی زیر حراست اشتہاری مجرموں کا بھائی پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق زیر حراست ملزم نے پولیس اہلکار سے سر کاری رائفل چھین کر خود کو گولی ماری۔
لواحقین نے موقف اپنایا کہ نوجوان کو پولیس نے حراست میں قتل کیا، مقتول کو عدالتی بیلف کے چھاپے کے بعد مقامی شخص کے حجرے میں چھپایا۔
نوجوان کی ہلاکت پر ورثا مشتعل ہوگئے اور بڑی تعداد میں تھانے پہنچ گئے، پولیس نے پوسٹمارٹم کے بعد نعش ورثا کے حوالے کر دی، پولیس نے مقتول کو اشتہاری بھائیوں کے نا ملنے پر حراست میں لیا تھا، نوجوان نے رائفل چھین کر خود کو کیوں گولی ماری جبکہ وہ آسانی سے فرار ہوسکتا تھا۔
مقتول کی نعش روڈ پر رکھ کر لواحقین نے شدید احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ ایس ایچ او کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے ورنہ مقتول کو دفن نہیں کیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق غفلت کے مرتکب پولیس کانسٹیبل کو معطل کردیا گیا، رائفل واپس لینے کی کوشش کے دوران فائر ہوا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں تھانہ مچنی گیٹ کے حوالات میں بیوی کے قاتل نے مبینہ خودکشی کی تھی۔