اسلام آباد: (دنیا نیوز) چک شہزاد میں شوہر نے بیوی کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق مقتولہ سارہ کو سر پر بھاری آہنی چیز سے وار کرکے قتل کیا گیا۔ خاتون کینیڈین نیشنل تھی۔
واقعہ اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں پیش آیا جہاں شاہ نواز نامی شخص نے اہلیہ سارہ کو گھر میں قتل کر دیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور ملزم کو گرفتار کرتے ہوئے لاش پولی کلینک منتقل کی جہاں پوسٹ مارٹم کیا گیا۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مقتولہ سارہ کے جسم کے مختلف حصوں پر زخموں کے نشانات پائے گئے ، سارہ کے سر پر بھی زخم کی تصدیق ہوئی ہے۔
ذرائع نے کہا کہ ڈاکٹرزنے سارہ کی موت کے تعین کیلئے فرانزک ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیاہے جس کےلیے نمونے لےلیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق میاں ، بیوی کے درمیان آج صبح جھگڑا ہوا جس کے بعد ملزم شاہنواز نے سارہ کو سر پر بھاری آہنی چیز سے وار کرتے ہوئے اسے قتل کردیا۔
ذرائع نے کہا کہ مقتولہ سارہ کینیڈین نیشنل ہے اور قاتل کی تیسری بیوی تھی، شاہ نواز کی سارا سے شادی تین ماہ قبل ہوئی تھی۔
پولیس حکام کےمطابق مقتولہ کے خاندان سے کینیڈا میں رابطہ کیا جارہا ہے،اگر خاندان سے کوئی مدعی مقدمہ نہ بنا تو پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیاجائے گا۔