سوات: (دنیا نیوز) سی ٹی ڈی مالاکنڈ ریجن اور سکیورٹی فورسز کی سوات میں مشترکہ کارروائی، دومبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں، اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی مالاکنڈ ریجن کے مطابق مارے جانے والے شدت پسند سوات کے علاقے انگرو ڈھیرئی کے ایک مکان میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے،اطلاع ملنے پرسکیورٹی فورسزاور سی ٹی ڈی اہلکاروں نے مشترکہ طور پر کارروائی کی، چھاپے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں شدت پسند علی سید اور اس کا بیٹا موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
کائونٹر ٹیراازم ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ مرنے والے دہشت گرد افغانستان میں دہشت گردوں سے رابطے میں تھے، فائرنگ کے تبادلے میں ایک سکیورٹی آفیسر سمیت تین سپاہی بھی زخمی ہوئے، ہلاک ہونے والے شدت پسند ٹی ٹی پی سوات کے کمانڈر نوید اور مراد کے ساتھی تھے، دہشت گردوں نے افغانستان میں آئی ای ڈی بنانے کی تربیت بھی حاصل کر رکھی تھی۔