کوئٹہ: (دنیا نیوز) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے ) اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حوالہ ہنڈی کیخلاف چھاپہ مار کر متعدد دکانیں سیل کر دیں۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی شارع اقبال بخاری سینٹر میں کی، جس پر تاجروں نے پلازہ کے اندر اور باہر شدید احتجاج کیا، تاجروں نے دکانیں احتجاجاً بند کر دیں۔
مظاہرین نے الزام لگایا کہ ایف آئی اے اہلکاروں نے دکانوں سے پیسے نکالے ہیں، مشتعل مظاہرین نے کل شہر بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دے دی، احتجاج کے دوران مظاہرین نے میڈیا کی گاڑیوں کے ٹائر برسٹ دیے۔
شارع اقبال پر پولیس نے بھاری نفری طلب کر لی، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج بھی کیا۔
بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے ایف آئی اے چھاپے کے دوران میڈیا ٹیموں پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی، بی یو جے نے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے اجلاس طلب کرلیا، بی یو جے صدر کی مدعیت میں مشتعل مظاہرین کے خلاف مقدمے کے اندراج کیلئے درخواست دے دی۔
صدر بی یو جے نے کہا کہ ایف آئی اے چھاپے کے دوران مشتعل مظاہرین نے میڈیا نمائندگان کو مارکیٹ میں بند کر کے زد و کوب کیا، مشتعل مظاہرین نے میڈیا کی گاڑیوں پر حملہ کرکے ٹائر برسٹ کردئیے۔
اس موقع پر جنرل سیکرٹری بی یو جے منظور احمد نے کہا کہ احتجاج کے دوران مشتعل مظاہرین کا میڈیا کے ساتھ ناروا سلوک ناقابل برداشت ہے۔