قصور: (دنیا نیوز) پولیس نے تھانہ منڈی عثمان والا کے علاقہ میں کارروائی کے دوران انتہائی خطرناک 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
گرفتارز ملزمان کی شناخت ثاقب عرف ساقی اور ساجد عرف سجاد کے ناموں سے ہوئی ہے، دونوں ڈاکو ڈکیتی، راہزنی اور پولیس مقابلہ کی 40 سے زائد سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔
شہری نے 15 پر پولیس کو اطلاع دی کہ 4 ڈاکو موٹرسائیکل اور نقد رقم چھین کر فرار ہو گئے ہیں، تھانہ منڈی عثمان والا پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے گاڑے والا روڈ پر ناکہ بندی کی، ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر مختلف اطراف سے سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔
ڈاکوؤں کی اپنی فائرنگ سے ان کے 2 ساتھی ڈاکو زخمی ہو گئے، زخمی ڈاکوؤں سے ایک موٹرسائیکل برآمد کر لی گئی، برآمد ہونے والی موٹر سائیکل ملزمان نے چند روز قبل تھانہ کھڈیاں کے علاقہ سے شہری سے چھینی تھی، ملزمان نے ایک ماہ قبل پوسٹ آفس عثمان والا میں واردات اور چند روز قبل الہ آباد پولیس کے ساتھ مقابلہ کیا تھا۔