لاہور : ( دنیا نیوز ) صوبائی دارالحکومت میں پولیس مقابلے کے دوران ریکارڈ یافتہ ملزم ہلاک ہو گیا۔
پولیس حکام کے مطابق سی آئی اے چوہنگ اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں قتل ، اقدام قتل ،اغوا معہ قتل اور ڈکیتی و راہزنی کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب ریکارڈ یافتہ ملزم محمد آصف عرف آصو ہلاک ہوگیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس ٹیم ملزم کو گرفتار اور واردات میں استعمال شدہ اسلحہ و موٹرسائیکل برآمد کر کے میاں چوک جوبلی ٹاؤن کی جانب آ رہی تھی کہ ملزم کے دیگر ساتھیوں نے ملزم کو چھڑوانے کے لیے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کی سرکاری گاڑی کو شدید نقصان پہنچا جبکہ پولیس اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
آصف عرف آصو نے چند روز قبل ڈولفن پولیس پر شدید فائرنگ کر کے ڈولفن پولیس کے 2 اہلکار شدید زخمی کر دئیے تھے۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ آصف عرف آصو کے دیگر 4 ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔