پی آئی اے کے مزید دو فضائی میزبان بیرون ملک سلپ ہو گئے

Published On 13 November,2023 09:42 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے مزید دو فضائی میزبان بیرون ملک سلپ ہو گئے۔

سلپ ہونے والوں میں فضائی کیبن کریو خالد آفریدی اور فدا حسین شاہ شامل ہیں، پی آئی اے کی مالی بد حالی اور سہولیات کے فقدان کی وجہ سے اب تک درجنوں فضائی میزبان بیرون ممالک پروازوں سے سلپ ہو چکے ہیں، سلپ ہونے والے فضائی میزبانوں میں خواتین ایئر ہوسٹس اور مرد کیبن کریو شامل ہیں۔

کینیڈا سلپ ہونے والے فضائی میزبان فدا حسین شاہ، خالد آفریدی اسلام آباد سے ٹورنٹو فلائٹ 772 پر روانہ ہوئے تھے، کینیڈا سے واپسی پر دونوں فضائی میزبان اپنی پرواز پر نہیں پہنچے، مذکورہ پرواز دونوں افراد کو چھوڑ کر واپس آئی۔

فدا حسین شاہ کا پرسنل سٹاف نمبر 61277 اور خالد آفریدی کا پرسنل سٹاف نمبر 60744 ہے، دونوں فضائی میزبانوں کے سلپ ہونے کے حوالے سے کینیڈا کی مقامی اتھارٹی سے رابطہ کیا گیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے پر دونوں فضائی میزبانوں کے خلاف ضابطے کی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔