کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں ڈکیتی مزاحمت کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے کمسن بچی جاں بحق جبکہ ایک شہری زخمی ہو گیا، شہریوں کے ہاتھ لگا ایک ڈکیت بھی تشدد سے مارا گیا۔
کراچی کے علاقے کورنگی چار نمبر میں شہری نئی موٹرسائیکل لے کر گھر پہنچا ہی تھا کہ تعاقب کرنے والے موٹرسائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے روک لیا، ملزموں کی جانب سے لوٹنے کی کوشش پر نوجوان نے مزاحمت کی تو انہوں نے فائرنگ کر دی۔
گھر میں موجود بچی گردن میں گولی لگنے کی وجہ سے موقع پر دم توڑ گئی، واقعے کے بعد ملزم موٹر سائیکل لے کر موقع سے فرار ہو گئے، مقتولہ بچی چار بہنوں میں سب سے چھوٹی تھی، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور قانونی کارروائی شروع کر دی۔
دوسری جانب مقتول بچی کے نانا محمد صغیر نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ میرا نواسا نئے ماڈل کی موٹرسائیکل خرید کر فیکٹری سے واپس آ رہا تھا کہ گھر کی دہلیز پر ڈاکو آگئے، نواسا مزاحمت کر رہا تھا اس دوران ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی، ایک گولی دروازے سے پار ہو کر کمسن بچی کی گردن میں آکر پیوست ہو گئی۔
دوسری جانب کورنگی ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران ایک شہری کو گولیاں مار دیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا، واقعے کے بعد فرار ہونے والے مبینہ ڈکیت کو شہریوں نے پکڑ لیا اور شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس کی وجہ سے وہ موقع پر دم توڑ گیا۔