لیبیا کشتی حادثہ : انسانی سمگلنگ ثابت ہونے پر مجرم کو 20 سال قید ،14لاکھ جرمانے کا حکم

Published On 25 February,2024 12:53 pm

گوجرانوالہ :(دنیا نیوز) لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ملزم پر انسانی سمگلنگ ثابت ہونے پر 20 سال قید اور14لاکھ جرمانے کی سزا سنادی گئی۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان احسن اقبال کے ورثا کی درخواست پر سپیشل جج سنٹرل ون گوجرانوالہ محمد نعیم شیخ نے مقدمے کی سماعت مکمل کرتے ہوئے ملزم شہزاد الہٰی کو سزا سنائی۔

دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزم شہزاد الہٰی نے شکایت کنندہ کے بھتیجے کو اٹلی بھجوانے کےنام پر 23 لاکھ روپے وصول کئے تھے۔

سپیشل جج سنٹرل ون گوجرانوالہ محمد نعیم شیخ نے دلائل مکمل ہونے پر انسانی اسمگلنگ کا جرم ثابت ہونے پر مجرم شہزاد الہٰی کو 20 سال قید اور 14 لاکھ جرمانے کی سزا سنائی۔

واضح رہے ملزم کے خلاف سال 2023 کمپوزیٹ سرکل گوجرانوالہ میں انسانی سمگلنگ کا مقدمہ درج ہوا تھا۔