سرگودھا: ایک اور گھریلو ملازمہ قتل، مریم نواز نے نوٹس لے لیا

Published On 01 March,2024 05:14 pm

سرگودھا: (دنیا نیوز) ایک اور گھریلو ملازمہ کو قتل کر دیا گیا، سرگودھا کے علاقہ چک 84 جنوبی میں 12 سالہ گھریلو ملازمہ کو تشدد کر کے قتل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق 12 سالہ عائشہ زمیندار جواد بھٹی کے گھر میں ملازمہ تھی، ملزم جواد ٹول پلازہ کا ٹھیکیدار ہے، گھریلو ملازمہ عائشہ کو جواد بھٹی اور اس کی اہلیہ نے لوہے کے راڈ اور ڈنڈے مار کر قتل کیا۔

اپنے موقف میں پولیس نے بتایا کہ گھریلو ملازمہ کو کن وجوہات پر تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا گیا تحقیقات کر رہے ہیں، گھریلو ملازمہ کو تشدد کر کے قتل کرنے کے بعد اہل خانہ کو کال کی گئی کہ آپ کی بچی کا ایکسیڈنٹ ہوگیا ہے۔

اہل خانہ جب موقع پر پہنچے تو انہیں پتہ چلا کہ بچی کو قتل کیا گیا ہے تو جواد بھٹی اپنی اہلیہ سمیت فرار ہوگیا، تھانہ لکسیاں پولیس نے گھریلو ملازمہ کے والد کی مدعیت میں ملزم جواد بھٹی اور اس کی اہلیہ کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق گھریلو ملازمہ کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے واقعہ کی مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا نوٹس

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سرگودھا میں گھریلو ملازمہ پر مبینہ تشدد کے بعد قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے فوراً رپورٹ طلب کر لی، ابتدائی رپورٹ کے مطابق ملزم کی نشاندہی کرلی گئی ہے اور گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ واقعہ کی جامع تحقیقات کرائی جائیں اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے، کسی قسم کے تشدد کی پنجاب میں کوئی جگہ نہیں۔

چائلڈ پروٹیکشن بیورو بھی متحرک

چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب سارہ احمد نے سرگودھا میں 12 سالہ گھریلو ملازمہ کے مبینہ تشدد کے بعد قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے چائلڈ پروٹیکشن بیورو فیصل آباد کی ٹیم کو مقتولہ کمسن گھریلو ملازمہ کے لواحقین سے فوری رابطہ کی ہدایت کی ہے۔

چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ سرگودھا میں 12 سالہ کمسن گھریلو ملازمہ کو مبینہ تشدد کے بعد قتل کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، زمیندار اور اس کی بیوی نے مبینہ طور پر کمسن گھریلو ملازمہ کو لوہے کے راڈ اور ڈنڈے مار کر قتل کر دیا۔

سارہ احمد نے کہا کہ پولیس نے ایف آئی درج کرنے کے بعد کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، کمسن گھریلو ملازمہ کے قاتلوں کو سخت سزا دلوانے کیلئے قانونی معاونت فراہم کی جائے گی۔