لاہور: (دنیا نیوز) ملت ایکسپریس میں پولیس اہلکار کے تشدد کا شکار خاتون مریم کی ایک اور ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں خاتون بچوں کے ہمراہ شور کرتی ہے۔
نئی ویڈیو میں خاتون کو ہاتھ اوپر کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے، دوسری جانب آئی جی ریلوے راؤ سردار کی طرف سے بنائی گئی کمیٹی نے تاحال اس واقعہ کہ انکوائری مکمل نہیں کی ہے، کمیٹی آئندہ دو روز تک رپورٹ مکمل کر کے آئی جی ریلوے کو بھجوائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ملت ایکسپریس سے گر کر ہلاک ہونیوالی خاتون کی پوسٹ مارٹم رپورٹ منظر عام پر آگئی
انکوائری ممبران نے دو مسافروں اور کانسٹیبل کے بیان تو قلمبند کر لیے ہیں لیکن تاحال خاتون کے بھائی افضل کا بیان ریکارڈ نہیں کیا گیا ہے۔
ہلاک ہونے والی خاتون کے بھائی کا کہنا ہے کہ کانسٹیبل امیر علی نے میری بہن مریم کو چلتی ٹرین سے دھکا دے کر قتل کیا ہے۔
آئی جی ریلوے راؤ سردار کا کہنا ہے کہ معاملہ کی مکمل انکوائری کی جا رہی ہے، انکوائری رپورٹ کی روشنی میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔