کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں زیر حراست ملزم کی ہلاکت کے ذمہ دار ایس ایچ او اور ہیڈ محرر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دو روز قبل کراچی کے درخشاں تھانے میں زیر حراست ملزم کی موت واقع ہو گئی تھی، پولیس کی جانب سے مرنے کی وجہ دل کا دورہ پڑنے کو قرار دیا گیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق متعدد مقدمات میں مطلوب ملزم کو گزشتہ ہفتے کی رات گرفتار کیا گیا تھا، لاش کو قانونی کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا، مرنے والے شخص کا بیٹا بھی جرائم میں ملوث اور جیل میں بند ہے۔
دوسری جانب ڈی آئی جی ساؤتھ نے حوالات میں ملزم کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر کو انکوائری کر کے رپورٹ 24 گھنٹے میں جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔
ایڈیشنل آئی جی کی ہدایت پر زیر حراست ملزم کی ہلاکت کے معاملے پر ایس ایچ او اور ہیڈ محرر کو حراست میں لے لیا گیا، ڈی آئی جی ویسٹ کی سربراہی میں واقعے کی تحقیقات کیلئے ٹیم تشکیل دے دی گئی جو تین دن میں رپورٹ جمع کرائے گی۔