لاہور : (ویب ڈیسک ) لاہور پولیس نے داتا دربار سے اغوا ہونے والی پانچ سالہ بچی فضہ کو 12 گھنٹوں میں گوجرانوالہ سے بازیاب کروا لیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور پولیس نے گوجرانوالہ میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے مغوی بچی کو بازیاب کروایا اور بچی کو کر ورثا کے سپرد کر دیا۔
انویسٹی گیشن انچارج محمد صدیق نے بتایا ہے کہ بچی کے والد نے تھانہ داتا دربار اپنی بچی کے اغوا کا مقدمہ درج کروایا تھا۔
درج مقدمے میں ان کا کہنا تھا کہ مدعی اپنی فیملی کے ہمراہ اسلام آباد سے داتا دربار حاضری دینے کے لیے آیا تھا، نامعلوم خاتون ملزمہ بچی کو داتا دربار سےاغوا کر کے گوجرانوالہ لے گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمہ پولیس کے تعاقب کرنے پر بچی کو چھوڑ کر فرار ہو گئی، 5 سالہ فضہ کو سی سی ٹی وی کیمروں اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے بازیاب کروایا گیا ہے۔
اس حوالے سے سپرنٹنڈنٹ پولیس انویسٹی گیشن سٹی نے کہا کہ خاتون ملزمہ کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، ملزمہ جلد پولیس کی گرفت میں ہوگی۔
اس سے قبل 8 اپریل کو پنجاب سے اغوا ہونے والی خاتون کو 10 سال بعد 3 بچوں سمیت سندھ کے ضلع نواب شاہ سے بازیاب کروا کر ملزم کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔