بہاولپور: (دنیانیوز) ملت ایکسپریس میں خاتون پر تشدد کا معاملہ نیا رخ اختیار کر گیا، ریلوے پولیس اہلکار کے تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون چنی گوٹھ ریلوے سٹیشن کے قریب مردہ پائی گئی۔
7 اپریل رات کو کراچی سے چلنے والی ملت ایکسپریس میں ریلوے پولیس کے اہلکار نے خاتون پر تشدد کیا اور ساتھ لے گیا ، 8 اپریل کو چنی گوٹھ کے قریب مبینہ طور پر خاتون کو ٹرین سے گرا دیا گیا ، خاتون پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے پر مبینہ طور پر قتل ہونے والی خاتون کی شناخت ہوگئی ہے ۔
خاتون پر تشدد کی ویڈیو میں نظر آنے والے بچے تصویر میں اپنی پھپھو کی لاش کے ساتھ کھڑے ہیں، 30 سالہ مریم بی بی کا تعلق جڑانوالہ چک 40 موڑ فیصل آباد سے تھا، خاتون پر تشدد کرنے والا ریلوے پولیس اہلکار میر حسن تشدد کے الزام میں پہلے سے ہی گرفتار ہے۔
تشدد کے بعد خاتون کی ہلاکت کا معاملہ ابھی تک چھپایا جا رہا ہے ، خاتون کی پراسرار ہلاکت کے ذمہ دار ریلوے حکام یا پولیس اہلکار ؟
خاتون کے بھائی افضل کا کہنا ہے کہ میری بہن کراچی میں بیوٹی پارلر پر ملازمت کرتی تھی ، کراچی سے عید کرنے کے لئے جڑانوالہ آرہی تھی ، دوران سفر ٹرین میں مریم پر پولیس اہلکار نے تشدد کرتے ہوئے اپنے ساتھ لے گیا ۔
ورثاء کی جانب سے خاتون پر تشدد کے بعد ہلاکت کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔