لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں گندم خریداری مہم 25-2024 کا آغاز ہو گیا، کاشتکار آج 13 اپریل سے ایپ کے ذریعے باردانہ کے حصول کی درخواستیں دے سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق 13 اپریل صبح 8:55 سے باردانہ ایپ پر درخواستیں جمع کروائی جا سکیں گی، پی آئی ٹی بی کی باردانہ ایپ پر 13 سے 17 اپریل تک باردانہ کی درخواستیں موصول ہوں گی، پی آئی ٹی بی اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی تصدیق کے بعد کاشتکاروں کو تصدیقی میسج کیا جائے گا۔
ترجمان محکمہ خوراک نے کہا کہ کاشتکاروں کو باردانہ کے اجراء اور گندم وصولی کی تاریخ کا میسج بذریعہ باردانہ ایپ کیا جائے گا، باردانہ کا اجراء 19 اپریل 2024ء سے ہوگا، محکمہ خوراک باردانہ پہلے آئیں پہلے پائیں کی بنیاد پر فراہم کرے گا، سوموار 22 اپریل سے گندم کی خریداری شروع ہوگی۔
ترجمان کے مطابق ضلعی سطح پر گندم خریداری کیلئے انتظامات مکمل ہیں، صوبے میں 393 گندم خریداری مراکز قائم کئے گئے، کاشتکاروں سے گندم 3900 روپے فی من کی مقررہ قیمت پر خریدی جائے گی، قیمت کے علاوہ کاشتکار کو 30 روپے فی 100 کلو گرام ڈلیوری چارجز دیئے جائیں گے۔
محکمہ خوراک کے ترجمان نے مزید کہا ہے کہ چھوٹے کسان کے تحفظ کیلئے باردانہ حصول کی اہلیت 6 ایکڑ تک رکھی گئی ہے، پالیسی کے مطابق فلور ملوں، پرائیویٹ سیکٹر اور سیڈ کمپنیوں کو بھی مقررہ نرخ پر خریداری کی اجازت دی گئی ہے۔