لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے طلبہ کے لئے بڑی خوشخبری آ گئی، "چیف منسٹر یوتھ انیشیٹو" کے تحت 20 ہزار بائیکس کی فراہمی کے پراجیکٹ کا آغاز ہو گیا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے صوبہ بھر کے طلبا و طالبات کو آسان اقساط پر 20 ہزار الیکٹرک و پٹرول بائیکس کی فراہمی کیلئے رجسٹریشن شروع ہو گئی۔
پہلے مرحلے میں 19 ہزار پٹرول بائیکس اور ایک ہزار ای بائیکس فراہم کی جائیں گی، طلبہ کو بلاسود بائیکس کیلئے حکومت پنجاب ایک ارب روپے سبسڈی ادا کرے گی۔
طلبہ کی طرف سے 20 ہزار ڈاؤن پیمنٹ بھی حکومت ادا کرے گی، طلبہ کو دی گئی بائیکس کی ماہانہ اقساط پر مارک اپ بھی حکومت پنجاب ادا کرے گی، طلبا 11676 روپے ماہانہ اور طالبات 7325 روپے ماہانہ آسان اقساط جمع کرا سکیں گے۔
پہلے مرحلے میں فیصل آباد ، ملتان ، بہاولپور، راولپنڈی اور لاہور میں ای بائیکس دی جائینگی، ہر ضلع میں موٹر بائیکس آبادی کے تناسب سے دی جائیں گی۔