لاہور: (ویب ڈیسک) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عید کے دنوں میں اپنے فرائض سر انجام دینے والے سکیورٹی اداروں کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاک فوج، پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کے اہلکار، سینٹری ورکرز اور میڈیا کے نمائندے خراج تحسین کے مستحق ہیں، پوری قوم اپنے پیاروں کے ساتھ عید کی خوشیاں منائی رہی لیکن پاک فوج کے جوان، پولیس اہلکار اپنے فرائض منصبی ادا کرتے رہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کی خوبصورتی اور صفائی کو برقرار رکھنے کے لئے میونسپل کارپوریشن اور سینٹری عملے نے اپنی ڈیوٹی سرانجام دی، میڈیا کے نمائندے بھی عید اپنوں کے ساتھ منانے کی بجائے عوام تک مستند اور حقائق پر مبنی معلومات پہنچاتے رہے، پاک فوج اور پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کی بدولت ارض پاک امن کا گہوارہ بن رہا ہے۔
،پاک فوج کے جوانوں کی ملک میں قیام امن کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں، ہر وہ ماں، بہن اور بیٹی بھی خراج تحسین کی مستحق ہے جن کے بیٹے بھائی اور شوہر سرحدوں پر ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔