ننکانہ صاحب: (دنیا نیوز) وزیر مذہبی امور پنجاب سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان نے بیساکھی تہوار میں شرکت کیلئے 3 ہزار بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کئے ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر مذہبی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے کہ بھارتی سکھ یاتری آج واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے، سکھ یاتریوں کو بذریعہ ٹرین گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال پہنچایا جائے گا، سکھ یاتریوں کو بذریعہ ٹرین تمام گوردواروں کی یاترا کروائی جائے گی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز 18 اکتوبر کو گوردوارہ کرتارپور جائیں گی۔
صوبائی وزیر مذہبی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے مزید کہا ہے کہ بھارت سکھ یاتریوں کو اپنے ملک سے بذریعہ ٹرین آنے کی اجازت دے، پاکستان نے ہمیشہ بھارت کی طرف سے دوستانہ قدم بڑھائے ہیں، بھارت میں پاکستانی زائرین کیساتھ امتیازی سلوک کیا جاتا ہے، ملک بھر میں شرپسند عناصر کی سرکوبی کی جائے گی، کسی کو ملکی امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان آنے والے سکھ یاتری امن اور محبت کا پیغام لے کر جائیں گے، سکھ یاتریوں کیلئے ہر ممکن بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا، پاکستان تمام اقلیتوں کیلئے محفوظ ترین ملک ہے، سکھ یاتریوں کو کمروں کی الاٹمنٹ کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔