لاہور سمیت پنجاب بھر میں آج گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان

Published On 14 April,2024 11:18 am

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر آج گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے طوفانی بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آج اتوار کے روز پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کے امکانات ہیں، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ڈی جی خان، ملتان، ساہیوال اور بہاولپور ڈویژن میں بارش متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہورکے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ ڈی جی خان اور کوہ سلیمان کے ندی نالوں میں سیلاب کے امکانات ہیں جبکہ مری اور گلیات میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے، بالائی پنجاب کے اضلاع میں ژالہ باری کے بھی امکانات ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ آسمانی بجلی سے بچاؤ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں، عید پر پردیسیوں کی واپسی کا سفر موسمی تبدیلی سے متاثر ہو سکتا ہے، لیاقت پوراور بہاولپور سے لاہور آنے والے مسافر خاص طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

مزید پڑھیں:شہر قائد میں کہیں ہلکی اور تیز بارش،ٹھنڈی ہواؤں کا راج

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ خاص طور پر 24 گھنٹے الرٹ رہے، لینڈسلائیڈنگ والے علاقوں میں سڑکوں کی بحالی کم سے کم وقت میں ہونی چاہیے۔

عرفان کاٹھیا کا کہنا تھا کہ تمام ریسکیو ادارے پی ڈی ایم اے کے ساتھ رابطے میں ہیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129پر رابطہ کریں۔