کراچی : (دنیانیوز) کراچی میں امن وامان کی ابترصورتحال پرایم کیوایم نےسندھ حکومت کوآڑےہاتھوں لےلیا۔
ایم کیو ایم رہنما علی خورشیدی ، نسرین جلیل اوردیگر نے پریس کانفرنس کرتےہوئےکہا کہ آج کی پریس کانفرنس کوئی عام کانفرنس نہیں، یہ پریس کانفرنس کراچی کی ماؤں بہنوں کا نوحہ ہے ، کراچی پر ڈاکووں کی یلغار ہوچکی ہے ، لوگوں کواس طرح مرتے نہیں دیکھ سکتے، عوام نےہمیں مینڈیٹ دیاہے،اس مسئلے پرخاموش نہیں بیٹھیں گے۔
علی خورشیدی نے کہاکہ بات مذمتی بیانات اورپریس کانفرنسزسےآگےنکل چکی ہے ، کراچی کا ہر شہری آج اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھتا ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت میں سب اچھا ہے، ایسا معلوم ہوتا ہے ہم جنگل میں رہ رہے ہیں یہ انتہائی تشویش ناک صورتحال ہے، تین ماہ میں 59 افراد سٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں شہید ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اپنی ذمہ داریاں انجام دینے میں ناکام ہو گئی ہے جو لوگ مرے ہیں ان کے اہلخانہ سے پوچھا جائے کیا گزر رہی ہے ؟ ان وزیروں کو شرم آنی چاہیئے جو کہتے ہیں امن و امان کی صورتحال قائم ہے ، سٹریٹ کرائم کا مسئلہ ایم کیو ایم کا مسئلہ نہیں ہے، ہر مذہب سے تعلق رکھنے والا سٹریٹ کرائم سے تنگ ہے، رواں سال چار سو سے زائد گاڑیاں چوری ہو چکی ہیں۔
نسرین جلیل نے کہا کہ ہم لاشیں اٹھا اٹھا کر تھک گئے ہیں ، عوام کے غم و غصے کو روکنا ہمارے بس میں نہیں، یہ ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے کہ کس قسم کی حکومت ہے۔
ایم کیوایم رہنماؤں نے کہا کہ لوگوں کی جان ومال کامسئلہ ہے،حکومت کےکانوں پرجوں تک نہیں رینگتی ،حکومت کامزید دفاع نہیں کرسکتے،ہمیں احتجاج پرمجبورنہ کریں ،سٹریٹ کرائم پرصوبائی اورقومی اسمبلی میں بھرپورآواز اٹھائیں گے۔