راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں مبینہ مقابلے کے دوران پولیس نے 10 کروڑ روپے تاوان کیلئے اغواء کیا گیا مغوی بازیاب کروا لیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے خفیہ معلومات کی بنا پر راولپنڈی کے علاقے تھانہ ویسٹریج کی حدود میں کارروائی کی، اس دوران پولیس کا ملزموں سے آمنا سامنا ہو گیا، فائرنگ کے تبادلے میں 3 ملزم اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے جنہیں حراست میں لے لیا گیا۔
ملزموں نے تھانہ آر اے بازار کے علاقے سے 55 سالہ کاروباری شخص کو اغوا کر کے 10 کروڑ روپے تاوان طلب کیا تھا، ملزمان نے لواحقین سے ایک کروڑ 36 لاکھ روپے وصول بھی کر لیے ہیں۔
پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے ملزموں کی شناخت سعید، شہزاد اور سرفراز کے ناموں سے ہوئی، پولیس نے فرار ملزمان کی گرفتار کیلئے چھاپے مارنا شروع کر دیئے ہیں۔