کراچی : (دنیانیوز) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کے سیکٹر ساڑھے 11 میں دسویں جماعت کی طالبہ سے زیادتی کی کوشش کے الزام میں پرائیوٹ سکول کے پرنسپل کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ متاثرہ لڑکی کی بہن کی مدعیت میں اقبال مارکیٹ تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔
درج ایف آئی آر کے متن کے مطابق متاثرہ لڑکی کی بہن نے مقدمہ درج کرایا ہے کہ سکول پرنسپل منظر الہدی واٹس اپ پر میری بہن کو نامناسب پیغامات بھیجتا تھا۔
ایف آئی آر متن میں کہا گیا ہے کہ یکم جون کو پرنسپل نے میری بہن کو کمرے میں بلا کر اس سے زیادتی کی کوشش کی، پرنسپل میری بہن پر تشدد بھی کرتا رہا، اس موقع پر بہن ہاتھا پائی کر کے بھاگنے میں کامیاب ہوئی۔
مقدمے کے متن کے مطابق متاثرہ لڑکی کی بہن نے پولیس کو بتایا کہ میری بہن کو کمرے میں بلانے کے بعد پرنسپل نے سی سی ٹی وی کیمرے کا رخ چھت کی طرف کر دیا تھا۔
پولیس کی جانب سے ملزم کو گرفتار کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔