لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور اور اوکاڑہ میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ایک ڈاکو ہلاک جبکہ 2 کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس زیر حراست خطرناک ملزم کو ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے لے جا رہی تھی کہ لاہور کے علاقے ڈیفنس سی میں گھات لگائے ملزموں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ملزم اپنے ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، ہلاک ہونے والا ملزم ڈولفن اہلکار کے قتل میں زیر حراست تھا، پولیس نے لاش تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دی جبکہ فرار ملزموں کی گرفتاری کیلئے ناکہ بندی کر دی گئی۔
دوسری جانب اوکاڑہ کے علاقے تھانہ حویلی لکھا کی حدود میں چار مسلح ڈاکو ناکہ لگا کر شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ملزموں کو گھیرے میں لے لیا، پولیس سے بچنے کیلئے ملزموں نے فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں 2 ڈاکو گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے جنہیں حراست میں لے لیا گیا، گرفتار ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت عمران اور شاہد کے نام سے ہوئی جو سنگین نوعیت کے 50 سے زائد مقدمات میں ملوث تھے، دونوں سے موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کر لیا۔