اسلام آباد: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے پاکستان میں عراق کے سفیر حامد عباس لفته کی پنجاب ہاؤس اسلام اباد میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر پنجاب نے مقدس مقامات کی زیارات کے لئے جانے والے زائرین کو سہولیات فراہم کرنے پر عراقی حکومت کے کردار کو سراہا، ملاقات میں لاہور سے پی آئی اے اور عراقی ہوائی کمپنی (Airline) کے ذریعے زائرین کی روانگی پر بھی غور کیا گیا۔
سردار سلیم حیدرنے کہا کہ عراق کے ساتھ پاکستان کے مضبوط سفارتی تعلقات ہیں، دونوں ممالک مشترکہ اسلامی اور ثقافتی پس منظر رکھتے ہیں، پاکستان اور عراق کی عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون جاری ہے۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ فلسطین کے مسئلے پر اسرائیلی مظالم کے خلاف دونوں ممالک کا یکساں مؤقف ہے، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔