لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب پولیس نے لاہور سمیت مختلف شہروں میں کارروائیاں کر کے 4 ملزموں کو گرفتار کر لیا جبکہ فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے تھانہ نواں کوٹ میں اغواء کا بوگس مقدمہ درج کرانے پر پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کر لیا، پولیس نے فیصل آباد کے قریب کارروائی کر کے ملزم کو حراست میں لیا اور مزید تفتیش کیلئے تھانے منتقل کر دیا۔
دوسری جانب گوجرانوالہ کے علاقے تھانہ پیپلز کالونی کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، اس دوران 2 ڈاکو گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے جنہیں گرفتار کر لیا گیا جبکہ ان کا ایک ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گیا، گرفتار ملزموں کی شناخت سفیان اور عاطف کے ناموں سے ہوئی۔
ادھر قصور کے علاقے تھانہ اے ڈویژن کی حدود میں بھی پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک مبینہ ڈاکو کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا، گرفتار ملزم کی شناخت پپو بادشاہ کے نام سے ہوئی جو سنگین نوعیت کی مختلف وارداتوں میں مطلوب تھا، پولیس نے تھانے منتقل کر دیا۔
اوکاڑہ کے علاقے لالہ زار کالونی میں نامعلوم افراد نے کریانہ سٹور میں فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے کے نتیجے میں ایک شخص شدید زخمی ہو گیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے جس کی مدد سے پولیس نے ملزموں کی تلاش شروع کر دی ہے۔