لاہور: (دنیا نیوز) فائرنگ کے مختلف واقعات کے دوران 2 افراد جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 4 شدید زخمی ہو گئے، پولیس نے 2 بچے بھی بازیاب کروا لیے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے نشتر کالونی سے غائب ہونے والے شہری کی لاش فیصل آباد سے برآمد کر لی گئی، مقتول کی شناخت رانا عبدالرحمان کے نام سے ہوئی جو دو روز قبل لاپتہ ہو گیا تھا، پولیس نے لاش قبضے میں لے کر قاتلوں کی تلاش شروع کر دی۔
دوسری جانب مریدکے میں بھی نامعلوم افراد نے نوجوان کو گولیاں مار دیں جس کے نتیجے میں وہ موقع پر دم توڑ گیا، مرنے والے نوجوان کی شناخت شاہد کے نام سے ہوئی، فائرنگ کے بعد موٹرسائیکل سوار ملزم فرار ہو گئے، ورثاء نے ملزموں کی گرفتاری کیلئے احتجاج کیا۔
ادھر بہاولنگر کے علاقے کھائی بودلہ میں زمین کے تنازع پر دو گروپوں کے درمیان تصادم ہو گیا، اس دوران ڈنڈوں سوٹوں کا آزادانہ استعمال ہوا جبکہ فائرنگ سے خاتون سمیت 4 افراد شدید زخمی ہو گئے، ورثاء نے منچن آباد چوک میں زخمیوں کے ساتھ احتجاج کرتے ہوئے ملزموں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
پھولنگر کے علاقے تھانہ سٹی کی حدود میں پولیس نے کارروائی کر کے 2 بچوں کو بازیاب کروا لیا جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، مغوی بچوں کی عمریں 10 سے 12 سال کے درمیان تھیں، پولیس نے ناکہ بندی کر کے اغواء کاروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔