آئی جی پنجاب کا ڈی جی خان اور ملتان کا دورہ، محرم الحرام کی سکیورٹی کا جائزہ لیا

Published On 10 July,2024 05:00 am

لاہور: (دنیا نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈیرہ غازی خان اور ملتان ریجن میں امام بارگاہوں اور عزاداری جلوسوں کے روٹس کا دورہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان اور ملتان کے دوروں کے دوران آر پی اوز نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں، کمیونٹی لیڈرز، انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کے تعاون سے محرم الحرام کا پرامن انعقاد یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی وزراء، علماء کرام، آرمڈ فورسز، رینجرز، سکیورٹی ایجنسیز کے تعاون سے بہترین انتظامات عمل میں لائے ہیں، صرف انتہائی ضرورت کے تحت ہی مخصوص دنوں اور اوقات میں ڈبل سواری اور موبائل سروس پر جزوی پابندی ہو گی۔

ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ ڈیرہ غازی خان کیلئے تھرمل امیج کیمرے اور اسلحہ بردار تھرمل امیج ڈرونز، اے پی سیز کی فراہمی ترجیح ہے، سرحدی چوکیوں اور بارڈر ملٹری پولیس کی مضبوطی، فورس کی بہترین ٹریننگ اور پروموشن اور ویلفیئر کے اقدامات جاری ہیں، خدمت مراکز، سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشنز سے لوگوں کیلئے سروس ڈیلیوری میں بہتری لائے ہیں۔