بلال یاسین آٹے کی قیمتوں کا جائزہ لینے کیلئے خود فیلڈ میں نکل آئے

Published On 07 July,2024 02:13 pm

لاہور:(دنیا نیوز) وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین عام مارکیٹ میں آٹے کی قیمتوں کا جائزہ لینے خود فیلڈ میں نکل آئے۔

صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے لاہور کے گنجان آباد اور پوش علاقوں کے مسلسل 3 گھنٹے دورے کیے، انہوں نے مزنگ روڈ، شادمان مارکیٹ، وحدت روڈ، علامہ اقبال ٹاؤن، یتیم خانہ ملتان روڈ اور ٹھوکر نیاز بیگ کا دورہ کیا، بلال یاسین نے مکہ کالونی،آر اے بازار اور ملحقہ علاقوں کی مارکیٹس میں بھی آٹے کی قیمتوں چیک کیں۔

وزیر خوراک نے آٹا نرخوں کو آویزاں نہ کرنے پر 2 معروف سپر سٹورز کو جرمانے کرائے جبکہ متعلقہ فوڈ کنٹرولر کو وارننگ دیتے ہوئے تمام سٹورز پر آٹےکی قیمتیں آویزاں کرانے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر بلال یاسین کا کہنا تھا کہ سٹورز اور آٹا ڈیلرز قیمتوں کو واضح آویزاں کریں، تمام اضلاع میں محکمہ خوراک کے افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، آٹے کی قیمت میں مصنوعی اضافہ کرنیوالے سٹورز اور ڈیلرز کو جرمانے کیے جارہے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی علاقے میں مہنگا آٹا ملنے کی صورت میں سخت ایکشن لیا جائے گا ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر غریب کا نوالہ ہر صورت سستا کیا جائے گا، جو افسر یا عملہ کام نہیں کرے گا اس کی محکمے میں کوئی جگہ نہیں۔