چھت گرنے اور ٹریفک کے حادثات میں لڑکی سمیت 2 جاں بحق، 7 افراد شدید زخمی

Published On 07 July,2024 06:44 am

مانانوالہ: (دنیا نیوز) چھت گرنے اور ٹریفک کے مختلف حادثات میں لڑکی سمیت 2 جاں بحق جبکہ 7 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

مانانوالہ کے نواحی علاقے میں بارش کی وجہ سے گھر کی خستہ حال چھت اچانک گر گئی، ملبے تلے دب کر 15 سالہ لڑکی جاں بحق ہو گئی جس کی شناخت سویرا کے نام سے ہوئی، واقعے کے بعد ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو ملبے سے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا۔

دوسری جانب بہاولنگر میں تیز ٹریکٹر ٹرالی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، حادثے کے نتیجے میں ایک نوجوان موقع پر جان کی بازی ہار گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوا ہے، واقعے کے بعد ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر کارروائی شروع کر دی۔

ادھر خان پور میں باغو بہار روڈ کے قریب دو کاریں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 4 افراد شدید زخمی ہو گئے، حادثے کے بعد ریسکیو اور پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور لاپرواہی کی وجہ سے پیش آیا۔

شجاع آباد کے نواحی علاقے فیض پور میں کار اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم کے نتیجے دو افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں تشویشناک حالت میں سول ہسپتال منتقل کر دیا، زخمی ہونے والے افراد کا تعلق کروڑ پکا سے بتایا جا رہا ہے، پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی۔