لاڑکانہ :(دنیانیوز) لاڑکانہ میں کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی) نے حساس اداروں کی مدد سے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 2 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔
ڈی ایس پی سی ٹی ڈی سید اصغر شاہ کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کی شناخت جمیل شیخ اور صلاح الدین جتوئی کے نام سے ہوئی ہے، دہشتگردوں کو سم شاخ کے علاقے سے خفیہ اطلاع پر گرفتار کیا گیا ۔
ڈی ایس پی سی ٹی ڈی لاڑکانہ کاکہنا ہےکہ گرفتار دہشتگردوں نے یوم آزادی کے موقع پر مرکزی تقریب اور جیل کو بم سے اڑانے کی پلاننگ کی تھی، دونوں دہشتگردوں نے 2 ماہ قبل اے ایس پی آفس پر بھی دستی بم سے حملہ کیا تھا ۔
ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے ساڑھے 3 سو گرام دھماکہ خیز مواد، 6 عدد ڈیٹونیٹر، ایک ہینڈ گرنیڈ، سیفٹی فیوز، تار اور نٹ بولٹ ، کالا پاوڈر بر آمد ہوا ۔
ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کا بتانا ہے کہ گرفتار دہشتگردوں کو افغانستان کے علاقے قندھار میں 15 روز کی تربیت بھی دی گئی تھی ، گرفتار دہشتگردوں کے خلاف 4 مقدمات درج کرلیے گئے ہیں ۔