لاہور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی رہنما اور نجی ہسپتال کے مالک ڈاکٹر شاہد کے قتل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
آرگنائزڈ کرائم یونٹ اقبال ٹاؤن نے ڈاکٹر شاہد صدیق کے قتل میں ملوث کرائے کے قاتل شوٹرز کو گرفتار کر لیا، پولیس کے مطابق کرائے کے قاتل شہریار اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا گیا ہے، مقتول شاہد صدیق کے بیٹے قیوم نے ایک کروڑ 60 لاکھ میں شوٹرز سے ڈیل کی تھی۔
او سی یو ٹیم نے قیوم شاہد کی نشاندہی پر پہلے 4 افراد کو حراست میں لیا، پھر شوٹر کو بھی گرفتار کر لیا، پولیس ذرائع نے بتایا کہ قیوم نے شوٹر کی مدد سے والد کو قتل کروایا، ڈاکٹر شاہد کے قتل کا مقدمہ ان کے دوسرے بیٹے تیمور کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر شاہد صدیق اپنی کار مییں بیٹھنے لگے تو شوٹر نے آکر فائرنگ کر دی تھی، بیٹا قیوم سامنے اپنی کار میں بیٹھا باپ کو قتل ہوتے دیکھ رہا تھا، پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی پہلے ہی برآمد کر لی ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق مرکزی ملزم شہریار کی والدہ شہناز کے نام پر گاڑی کرائے پر لی گئی، مرکزی ملزمان شہریار، شہریار کے والد سجاد اور چچا شاہد نے مل کر قتل کیا۔
شاہد صدیق کے قتل کی ڈیل 6 کروڑ میں طے ہوئی، ملزم شہریار نے 16 لاکھ 75 ہزار روپے وصول کیے تھے۔